التماس متضمن بہ اجازت برائے فیملی پلاننگ - ابن انشاء - ہم دیار پاکستان کے کھٹمنڈو پلٹ خاندانی اور اکسیری حکیم اور درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں شہیریوں کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت عطا فرمائی جائے
حضورِمنور!
ہم دیار پاکستان کے کھٹمنڈو پلٹ خاندانی اور اکسیری حکیم اور درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں شہیریوں کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت عطا فرمائی جائے۔ جناب والا اس ملک میں آبادی بہت بڑھ رہی ہے اور فیملی پلاننگ کا محکمہ چنداں کامیاب نہیں رہا۔ چونکہ ہماری قوم کے لئے اس سرے سے فیملی پلاننگ کرنا مشکل ہے اور شاید خلاف شرع بھی ہے لہٰذا دوسرے سرے سے کوشش کرنی چاہیے۔ حضور والا آپ پر روشن ہے کہ ہم نے خاندانوں کے خاندانوں کا صفایا کر دیا ہے۔ مشک آنست خود ببوید کراچی اور لاہور کے وسیع قبرستان ہمارے دعوے کا زندہ ثبوت ہیں۔ جناب والا قبرستان کے ساتھ زندہ کا لفظ ہم لطف زبان کے لئے لائے ہیں کیونکہ ہماری سرکار دولت مند کو زبان سے یعنی زبانوں کے مسائل سے بھی گہری اور عملی دلچسپی ہے۔ یہ مطلب ہرگز نہ لیا جائے کہ ہم زندہ آدمی کو قبرستان میں گاڑ دیتے ہیں۔
جناب والا! ایک درینہ مطالبہ یہ ہے کہ ہمیں اپنےمطلب کے اندر ہی لٹھے ، مشک کافور، اگربتیوں اور سنگ مرمر کے سٹور کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ ہمارے مریضوں کے لواحقین کو دور نہ جانا پڑے، تکلیف نہ ہو
آپ سے کیا پردہ صفحہ 49،50
تبصرے